
سمندری طوفان کے باعث امریکی ریاست فلوریڈا میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ شدید بارشوں کی وجہ سے متاثرہ علاقوں کو سیلابی صورت حال کا سامنا ہے۔
240 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں سے بجلی کے پول اور ٹریفک سگنل گرگئے، درخت اکھڑ گئے، گھروں کی چھتوں کو نقصان پہنچا جبکہ کئی گاڑیاں سیلابی ریلوں میں بہہ گئیں، طوفانی ہواؤں اور بارش کے سبب 26 لاکھ سے زائد صارفین کو بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔
سمندری طوفان اور بارشوں کی وجہ سے اورلینڈو اور ٹیمپا کے ائیرپورٹس نے کمرشل پروازیں روک دی ہیں جبکہ اورلینڈو میں والٹ ڈزنی کا تھیم پارک بھی بند کر دیا گیا ہے۔
سمندری طوفان ای این کی وجہ سے مختلف ائیرلائنز نے تقریبا 2 ہزار امریکی پروازیں منسوخ کردیں جبکہ فلوریڈا کے گورنر نے خبردار کیا ہے کہ سمندری طوفان سے پوری ریاست تک نقصان پھیلنے کا خطرہ ہے، طوفان فلوریڈا کے علاوہ جارجیا اور ساؤتھ کیرولائنا کے علاقوں کو بھی متاثر کرے گا۔
کیٹگری چار کی شدت والا طوفان رات گئے فلوریڈا کے جنوب مغربی ساحل سے ٹکرایا تھا، سمندری طوفان ای این نے فلوریڈا سے قبل کیوبا میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی جہاں مختلف حادثات میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔
کیوبا میں سمندری طوفان کے باعث 18 گھنٹے بعد متاثر ہونے والی بجلی کی فراہمی بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔