
بھارت کے مقبول رئیلٹی شو بگ باس کے سولہویں سیزن کا آغاز آج یکم اکتوبر سے ہونے جا رہا ہے اور آج کی رات شو کا پریمیئر ہوگا جس میں امیدواروں کا تعارف کرایا جائے گا۔
کچھ روز قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے شو کے میزبان سلمان خان نے پہلے کھلاڑی کا اعلان کیا تھا جو کہ تاجکستان سے تعلق رکھنے والے دنیا کے سب سے چھوٹے قد کے گلوکار اور سوشل میڈیا اسٹار عبدو روزک ہیں۔

شو کی لانچنگ کی تقریب پر سلمان خان نے عبدو روزک کے حوالے سے کہا کہ ‘وہ ہندی زیادہ اچھی بولنا یا سمجھنا نہیں جانتے لیکن وہ ہندی گانے گاتے ہیں’۔
دوسری جانب شو میں انٹری پر عبدو روزک نے کہا کہ ‘میں بہت خوش ہوں اور سب سے محبت کرتا ہوں، مجھ سے انتظار نہیں ہو رہا کہ کب بگ باس کے گھر کے اندر جاؤں، برائے مہربانی مجھے سپورٹ کیجیے گا’۔
واضح رہے کہ عبدو روزک کی عمر 19 برس ہے اور وہ دبئی میں مقیم ہیں، ان کا قد صرف 100 سینٹی میٹر ہے۔

تاجک گلوکار سلمان خان کی رواں برس دسمبر میں آنے والی فلم ‘کسی کا بھائی کسی کی جان’ میں دکھائی دیں گے۔