22

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے جاپان میں پاکستان کے نامزد سفیر رضا بشیر تارڑ کی ملاقات

اسلام آباد (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے جاپان میں پاکستان کے نامزد سفیر رضا بشیر تارڑ نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے نامزد سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے کیلئے کوششوں کوتیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات میں اقتصادی و کاروباری تعلقات اور انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔

صدر مملکت نے فیٹف میں جاپان کی پاکستان کے لیے مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ نامزد سفیر پاکستان کے واجب الادا قرضوں کی ادائیگی معطل کرنے کے فیصلے پر جاپان کی حکومت کا شکریہ ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت 2.56 ارب ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ صدر مملکت نے پاکستان کے ساتھ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے ترقیاتی تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ نامزد سفیر دوطرفہ تعلقات کو تعاون کی نئی اور اعلیٰ سطح پر لے جانے کے لیے کوششیں کریں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ جاپان میں آئی ٹی، انسانی وسائل ، آن لائن خدمات کی فراہمی اور جاپانی تعلیمی اداروں اور صنعت کے ساتھ تعاون کیلئے نئے راستے تلاش کیے جائیں۔صدر مملکت نے کہا کہ جاپان نے پاکستان کی ترقی کیلئے گرانقدر تعاون کیا ہے، تاریخ میں مجموعی طور پر تقریباً 13 ارب ڈالر کی امداد کے ساتھ جاپان پاکستان کا دوسرا بڑا شراکت دار ہے۔ انہوں نے پاکستانی مصنوعات کو جاپانی منڈیوں میں ڈیوٹی فری رسائی دینے ، ٹیرف کم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں