20

پاکستانی فلموں میں مہنگا ترین فلم قرار دئے گئے : “دا لیجنڈ آف مولاجٹ” :پر دیکھے بنا تبصرہ:

“دا لیجنڈ آف مولاجٹ” دیکھے بنا تبصرہ

ذولفقار علی زلفی

ہمارے بعض دوست “دا لیجنڈ آف مولاجٹ” کو “باہو بالی” کے مماثل قرار دے رہے ہیں ـ ایک قابلِ احترام ناقد نے بلال لاشاری کو مستقبل کا ستیہ جیت رے اور اکیرا کوراساوا قرار دیا ہے ـ
ہم ان قابلِ احترام ناقدین کی رائے کو مکمل احترام کے ساتھ مسترد کرتے ہیں ـ “باہو بالی” کی نظریاتی پیشکش پر تنقید ہوسکتی ہے لیکن وہ فنکاری کا ایک معیار ہے ـ اس میں ہندوستانی ثقافت، کاسٹیومز اور مائتھالوجی کے درمیان توازن کا ہر ممکن خیال رکھا گیا ہے ـ مولاجٹ کا لیجنڈ ورژن محض مہنگے سیٹ اور پرتشدد سینز کا مجموعہ ہے ـ یہاں تک یہ سنجے لیلا بھنسالی تک پہنچتی ہے لیکن جو ہندوستانیت بھنسالی پیش کرتے ہیں مولاجٹ اس مقامیت سے محروم ہے ـ مقامیت سے مراد دیہی ثقافت ہرگز نہیں ہے، “لارڈ آف دا رنگ” بھی ایک تصوراتی دنیا ہے لیکن اس میں مغربی ثقافت کا تاثر موجود ہے ـ یہ فن گہرے سماجی شعور سے ملتا ہے جس سے بلال لاشاری صاحب محروم نظر آتے ہیں ـ
ستیہ جیت رے اور اکیرا کوراساوا اپنے معروض کا گہرا ادراک رکھتے تھے ـ انہوں نے مہنگے سیٹ نہ ہونے کے باوجود اپنے سماج کو جس گہرائی سے فلم کے قالب میں ڈھال کر پیش کیا وہ انہی کا خاصہ ہے ـ جس ہدایت کار کو اپنے سماج کا شعور ہی نہ ہو، وہ جٹ و نت کے محدود تناظر کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پیش کرنے کو اپنی قابلیت تصور کرے وہ کسی بھی لحاظ سے مزکورہ بالا اساتذہ کا پیروکار نہیں ہوسکتا اور نہ ہی مستقبل میں ان کی طرح بن سکتا ہے ـ
“دا لیجنڈ آف مولاجٹ” کی زبان پر اگر کوئی تنقید کر رہا ہے تو غلط نہیں کر رہا ـ زبان کا تعلق ثقافت سے ہے ـ اگر کوئی کردار اس لہجے کو برتنے میں ناکام تھا تو اس کی آواز کسی اچھے پنجابی بولنے والے کے ذریعے ڈب کی جاسکتی تھی ـ یہ کوئی مشکل کام نہ تھا ـ مگر جیسے کہ کہا جاچکا ہے سماجی شعور سے عاری ہدایت کار کو ثقافت اور اس کی حرکیات سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے ـ
سنسنی خیز تشدد، مہنگے سیٹ اور جدید کیمروں پر مشتمل “دا لیجنڈ آف مولاجٹ” وقتی تفریح فراہم کرسکتی ہے لیکن اسے کوئی “بڑی فلم” قرار دینا محض گپ ہے ـ “باہو بالی” سے موازنہ یا ستیہ جیت رے اور اکیرا کی مثال دینا صریح زیادتی ہے ـ
نوٹ: یہ تبصرہ درجنوں تبصروں، ٹریلر اور چند شیئر کئے گئے ویڈیوز کو پڑھ اور دیکھ کر لکھا گیا ہے ـ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں