بیجنگ(ویب ڈیسک) وزیراعظم میاں شہباز شریف کی دورہ چین کے دوران چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات، ملاقات میں پاکستان اور چین نے کثیر الجہتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی، سی پیک سمیت کثیر الجہتی تعاون بڑھانے اور اسٹریٹجک پارٹنر شپ مضبوط کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی جس میں ایم ایل ون کو ابتدائی ہارویسٹ منصوبے کے طور پر شروع کرنے کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا جبکہ چینی صدرنے پاکستان کے لئے 50 کروڑ یوان کی اضافی امداد کا اعلان کیا ، ملاقات میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی صورتحال اور سی پیک کی افغانستان تک توسیع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے چینی کمیونسٹ پارٹی کی 20 ویں مرکزی کمیٹی کا دوبارہ جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر صدر شی جن پنگ کو مبارکباد دی، انہوں نے ملک میں ہولناک سیلاب سے ہونے والی تباہی کے تناظر میں پاکستان کی امداد، بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں چین کی گراں قدر مدد پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا، دونوں رہنمائوں نے پاک چین دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
