16

یونیورسٹی آف تربت کی اکیڈمک کونسل کا اجلاس زیر صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جان محمد منعقد ہوا

تربت(گدروشیا پوائنٹ) تربت یونیورسٹی/اکیڈمک کونسل اجلاس، جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جان محمدنےاس بات پر اطمینان کا اظہار کیاہے کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اورقابل فیکلٹی ممبران بشمول ستائیس پی ایچ ڈیزاساتذہ تیزی سے ترقی کرتی ہوئی اس یونیورسٹی میں تحقیق پر مبنی معیاری تعلیم کے فروغ میں بھرپور کوشش کر رہے ہیں تاکہ ستائیس اکیڈمک پروگرامزمیں زیرتعلیم تقریباً چار ہزار طلبہ وطالبات کے مستقبل کو سنواراجا سکے۔وائس چانسلر کا کہناتھا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ تربت یونیورسٹی کے تعلیمی پروگرامزاورطریقہ تدریس عصرحاضر کے پیشہ ورانہ تقاضوں کے عین مطابق ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے یونیورسٹی کے ویڈیو کانفرنس روم میں منعقدہ جامعہ تربت کی اکیڈمک کونسل کے تیرویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مختلف ایجنڈا آئٹمز پر بحث و مباحثہ کے بعد ان کو نمٹایاگیا جن میں ایچ ای سی کی پالیسی کے مطابق بی ایس پروگرام میں چار سمسٹرز (دوسال) کی کامیاب تکمیل کے بعد ایسوسی ایٹ ڈگری کا اجراء، تربت یونیورسٹی کے ساتھ الحاق شدہ کالجزایشورینس 2022 ایس او پیز کا مسودہ، مختلف الحاق شدہ کالجوں کے ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام، یونیورسٹی کے ہاسٹل قوانین میں ترامیم، یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹس ڈسپلنری رولزاینڈریگولیشن 2022، بی ایس پروگرام کے طلبہ وطالبات کے لیے یونیورسٹی یونیفارم، نئی فیکلٹیز کے قیام، فیکلٹی ممبران کے ورک لوڈپالیسی 2023، انڈرگریجویٹ پروگراموں کے لیے یونیورسٹی اکیڈمک رولز،انڈرگریجویٹ اورگریجویٹ پروگرامز کے نظر ثانی شدہ فیس سٹرکچر، سالانہ تعلیمی کیلنڈر2023 اور گزشتہ مختلف اجلاسوں کے منٹس کے علاوہ دیگرایجنڈاآئٹمز شامل تھے۔ ا جلاس میں وائس چانسلر کے علاوہ پرو وائس چانسلر، ڈینز، رجسٹرار، ڈائریکٹرز، مختلف الحاق شدہ کالجوں کے پرنسپلز اور کونسل کے دیگر اراکین نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے تمام ممبران نے تربت یونیورسٹی کی مزید ترقی اور ملک کے اس دورافتادہ ریجن میں معیاری اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جان محمد کی قیادت میں فیکلٹی ممبران اور انتظامیہ کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کوسراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں