
جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ہونے والی میراتھن میں کینیا سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹ علیود کیچوگی نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا جبکہ ریس میں پاکستانی ایتھلیٹس نے بھی حصہ لیا۔
42.2 کلومیٹر میراتھن میں پاکستان کی جانب سے فیصل شفیع ،سلمان خان اور نوشیروان نے ایج گروپ 40، دانش الٰہی اورعلی خورشید نے ایج گروپ 35جبکہ طٰحہ عبدالغفور نے 30 ایج گروپ کیٹیگری میں حصہ لیا۔
پاکستان کی جانب سے فیصل شفیع نے مقررہ فاصلہ 3گھنٹے اور 6 منٹ میں طے کرکے 2024 میں ہونے والی بوسٹن میراتھون کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

ان کو اپنے ایج گروپ کیٹیگری میں سے بوسٹن میراتھن کیلئے کوالیفائی کرنے کیلئے42.2 کلومیٹرکا فاصلہ 3 گھنٹے اور 10 منٹ میں مکمل کرنا تھا تاہم انہوں نے 4 منٹ پہلے ہی میراتھن مکمل کرلی۔
اس کے علاوہ سلمان نے مقررہ فاصلہ 3 گھنٹے 15 منٹ ، دانش الٰہی نے 3 گھنٹے 28 منٹ،علی خورشید نے 4 گھنٹے 10 منٹ، طٰحہ نے 4 گھنٹے 12 منٹ اور نوشیروان نے 4 گھنٹے اور 56 منٹ میں فاصلہ طے کیا۔

دوسری جانب کینیا سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹ ڈبل اولمپک چیمپئن علیود کیچوگی برلن میراتھن میں2018 میں قائم کردیا اپنا ہی عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
37 سالہ ایتھلیٹ نے یہ فاصلہ دو گھنٹے ایک منٹ اور نو سیکنڈز میں طے کیا جبکہ گزشتہ وقت دو گھنٹے ایک منٹ اور 37 سیکنڈز کا تھا۔ کیپچوگی نے چوتھی مرتبہ برلن میراتھن کا ٹائٹل جیتا ہے۔
واضح رہے کہ برلن میراتھون میں مختلف ممالک سے 54 ہزار ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔