30

پاکستان کیخلاف قریب آکر ہارے،میچ فنش نہ کرنے پر مایوسی ہے، انگلش کرکٹر ڈاؤسن

فوٹو:جیو نیوز
فوٹو:جیو نیوز

انگلش کرکٹر لیام ڈاؤسن کا کہنا ہے کہ کراچی میں چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں قریب آکر ہارے، میچ فنش نہ کرپانے پر مایوسی ہے، غلطی سے سبق سیکھ کر آئندہ بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔

 لیام ڈاؤسن نے پاکستان کے خلاف میچ میں17 گیندوں پر 34 رنز بنائے، انہوں نے اننگز کے  اٹھارویں اوور میں محمد حسنین کے اوور میں24 رنز بھی بٹورے لیکن پھر میچ کو قریب لاکر  19 ویں اوور میں حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوگئے تھے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں انگلینڈ کی تین رنز کی شکست کے بعد جیو نیوز سے گفتگو میں لیام ڈاؤسن نے کہا کہ میچ فنش نہ کرپانے پر مایوسی ہے کیوں کہ وہ سمجھتے ہیں کہ انگلینڈ کو یہ میچ جیتنا چاہیے تھا ۔ 

جب جیو نیوز نے پوچھا کہ حارث رؤف کی گیند پر وکٹ کھونے کے بعد کیا احساس تھے؟ تو ڈاؤسن نے کہا کہ میں اس وقت شش و پنچ میں مبتلا تھا کہ گیند کو ہٹ کروں یا سنگل لوں، غلطی سے سبق سیکھا ہے اور کوشش ہوگی کہ آئندہ گیند کو بھرپور طاقت سے ہٹ کیا جائے۔

کراچی کے کراؤڈ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہاں کا کراؤڈ بہترین تھا، وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ پہلے یہاں پی ایس ایل کھیل چکے ہیں اور اس دوران بھی کراؤڈ کو خوب انجوائے کیا، کراچی کے فینز کا شکریہ کے انہوں نے تمام چار میچز میں ہاؤس فل کیا، امید ہے لاہور میں بھی ایسا ہی ماحول ہوگا۔

پاکستان سپر لیگ کھیلنے کے تجربے کے حوالے سے لیام ڈاؤسن نے کہا کہ یہ ایک بہترین اور معیاری لیگ ہے، جب بھی کھیلا کافی انجوائے کیا، دیگر کھلاڑیوں کی بھی یہی رائے ہے کہ اس میں بہت عمدہ اور سخت مقابلہ ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیریز دو۔ دو سے برابر ہونے کے بعد لاہور کے تینوں میچز کافی اہم ہوگئے ہیں جس میں کافی سخت مقابلہ ہوگا۔

واضح رہے کہ اتوار کو 7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 3 رنز سے شکست دے دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں