
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کی واشنگٹن میں امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات ہوئی۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے بھی امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات کی۔
ملاقات میں انٹونی بلنکن کی طرف سے سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا گیا جبکہ انہوں نے امریکا کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
دوسری جانب وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے سیلاب زدگان کی مدد پر امریکا کا شکریہ ادا کیا جبکہ انہوں نے انٹونی بلنکن کے والد کی وفات پر اظہار افسوس بھی کیا۔
بعد ازاں بلاول بھٹو اورامریکی ہم منصب انٹونی بلنکن نے ملاقات کے بعد پریس بریفنگ دی۔
اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے لیے انتہائی مشکل لمحہ ہے، سیلاب کے چیلنج سے فوری نہ نمٹے تو طویل البنیاد اثرات ہوں گے،انہوں نے فوڈ سکیورٹی کے لیے پاکستان کی مزید امداد کا اعلان بھی کیا۔
انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ اس مشکل لمحے میں ہم پاکستان کے ساتھ ہیں، پاک امریکا معاشی تعلقات مزید مضبوط کیے جاسکتے ہیں، امریکا فوڈ سکیورٹی پروگرام کے لیے مزید 10ملین ڈالر پاکستان کو دے گا۔
دوسری جانب وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ڈپلومیسی پھر سے لوٹ آئی ہے، ماحولیاتی انصاف پر امریکا سے مدد اور تعاون چاہتےہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے امریکی ہم منصب کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔