1

تہران (گدروشیا پوائنٹ): ایران کا امریکا سے مذاکرات سے انکار، 7 شرائط کی تکمیل کو لازمی قرار دے دیا

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے واضح کیا ہے کہ تہران اپنے مؤقف پر سختی سے قائم ہے اور جب تک ایران کی جانب سے مقرر کردہ سات شرائط پوری نہیں کی جاتیں، امریکا کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔ انہوں نے امریکی صدر اور وزیر خزانہ کی جانب سے حالیہ دھمکیوں اور معاشی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران کسی بھی اشتعال انگیزی کا فیصلہ کن جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

منگل کے روز پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے قالیباف نے کہا کہ گزشتہ پانچ دہائیوں کا تجربہ گواہ ہے کہ قومی یکجہتی اور عوامی شرکت ہی مسائل کا واحد حل ہے۔ انہوں نے ملک کی موجودہ حساس صورتحال کے پیش نظر حکام اور عوام پر زور دیا کہ وہ باہمی اتحاد برقرار رکھیں تاکہ دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس موقع پر ملک میں امن و امان کی بحالی میں بسیج فورسز کے کردار کو بھی سراہا۔

اگرچہ ایرانی اسپیکر نے مذاکرات کے لیے سات شرائط کو بنیادی شرط قرار دیا ہے، تاہم اپنے خطاب میں ان شرائط کی تفصیلات کا ذکر نہیں کیا۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تہران اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور ایران اپنے دفاعی اور خارجہ پالیسی کے مؤقف پر غیر متزلزل دکھائی دیتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں