تربت(گدروشیا پوائنٹ)ضلع کیچ کی معروف سماجی و کاروباری شخصیت شاہ دوست دشتی نے مستحق اور ضرورت مند خاندانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے ایک اور قابلِ ذکر فلاحی اقدام کیا ہے، جس کے تحت مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے مستحق افراد میں روزگار کے وسائل اور مالی معاونت تقسیم کی گئی۔
فلاحی پروگرام کے تحت تربت شہر سمیت ناصر آباد، تمپ، بلیدہ، ہوشاب، ڈاہنڈار، ملک آباد اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے 15 مستحق افراد کو کاروبار شروع کرنے کے لیے ریڑھیاں فراہم کی گئیں، جبکہ ہر فرد کو 20 ہزار روپے نقد مالی معاونت بھی دی گئی۔ اسی طرح 50 مستحق خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں اور ہر خاتون کو 5 ہزار روپے نقد فراہم کیے گئے، تاکہ وہ گھروں میں رہتے ہوئے اپنے ہنر کو ذریعہ معاش بنا سکیں اور اپنے خاندان کی کفالت میں اپنا کردار ادا کریں۔
اس کے علاوہ دو نئے موٹرسائیکل سوار نوجوانوں کو موٹرسائیکلیں فراہم کی گئیں، تاکہ وہ فوڈ ڈیلیوری اور روزمرہ استعمال کی اشیا گھروں تک پہنچانے کی سروس شروع کرکے اپنے لیے مستقل روزگار کا بندوبست کرسکیں۔
اس موقع پر شاہ دوست دشتی نے کہا کہ مستحق افراد کی مدد کا سب سے مؤثر اور پائیدار طریقہ یہ ہے کہ انہیں محض وقتی مالی امداد دینے کے بجائے ایسے وسائل فراہم کیے جائیں جن کے ذریعے وہ مستقل بنیادوں پر باعزت روزگار حاصل کرسکیں۔ ان کے مطابق ایک فرد کو روزگار کا ذریعہ فراہم کرنا دراصل پورے خاندان کو معاشی خودمختاری کی جانب گامزن کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے کے کمزور اور ضرورت مند طبقات کی معاونت ان کی فلاحی سرگرمیوں کا بنیادی مقصد ہے۔ کوشش ہے کہ ایسے اقدامات کے ذریعے زیادہ سے زیادہ افراد کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کا موقع دیا جائے، تاکہ وہ دوسروں کے محتاج ہونے کے بجائے خود اپنی اور اپنے خاندان کی ضروریات پوری کرسکیں۔
شاہ دوست دشتی کے مطابق اس سے قبل بھی چار مختلف مراحل میں مستحق افراد کو ریڑھیاں اور کاروبار شروع کرنے کے لیے مالی معاونت فراہم کی جاچکی ہے، تاہم اس مرتبہ فلاحی پروگرام میں خواتین کو بھی خصوصی طور پر شامل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو سلائی مشینیں فراہم کرنے کا مقصد انہیں گھر بیٹھے باعزت روزگار کے مواقع دینا اور معاشی طور پر خودمختار بنانے میں معاونت کرنا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستحق افراد کی معاونت، روزگار کے وسائل کی فراہمی اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ معروف سماجی و کاروباری شخصیت شاہ دوست دشتی گزشتہ کئی برسوں سے ضلع کیچ میں مختلف شعبوں میں فلاحی اور سماجی سرگرمیوں کے ذریعے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی جانب سے مستحق طلبہ و طالبات کے لیے کمپیوٹر اور مختلف اسکلز پروگرامز، ضرورت مند خاندانوں کی مالی معاونت، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع کی فراہمی، تعلیمی منصوبوں کی سرپرستی اور دیگر فلاحی اقدامات کیے جاتے رہے ہیں۔
شاہ دوست دشتی کی ان سرگرمیوں کا نمایاں پہلو یہ ہے کہ وہ مستحق افراد کو صرف وقتی امداد فراہم کرنے کے بجائے انہیں مستقل روزگار کے قابل بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔ ریڑھیوں، سلائی مشینوں اور موٹرسائیکلوں کی فراہمی جیسے اقدامات نہ صرف افراد کو خودکفالت کا راستہ دکھاتے ہیں بلکہ ان کے خاندانوں کے لیے بھی آمدن کے نئے ذرائع پیدا کرتے ہیں۔
علاقائی حلقوں نے شاہ دوست دشتی کی جانب سے جاری ان فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ روزگار کے وسائل کی فراہمی پر مبنی ایسے اقدامات معاشرے میں خودانحصاری، معاشی استحکام اور سماجی بہتری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔











