کوئٹہ (گدروشیا پوائنٹ ڈیسک) ایشیا کپ رائزنگ اسٹار کے ایک میچ کے دوران کھیل کی روح کے منافی ایک غیر معمولی اور حیران کن واقعہ پیش آیا ہے، جہاں بھارتی نوجوان کھلاڑی سوریاونشی پر امپائر کے ساتھ مبینہ طور پر جان بوجھ کر ٹکر مارنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس نے کرکٹ شائقین اور کھیلوں کے حلقوں میں ایک نئی بحث چھوٹی ہے۔
دستیاب اطلاعات اور وائرل فوٹیج کے مطابق، اوور کے اختتام پر جب بھارتی کھلاڑی سیدھے پچ کی طرف جا رہے تھے، تو وہ اچانک مڑے اور براہ راست اپنے راستے میں موجود امپائر سے جا ٹکرائے۔ اس غیر پیشہ ورانہ رویے کو نہ صرف میدان میں موجود آفیشلز بلکہ دنیا بھر کے مبصرین اور شائقین کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جن کا ماننا ہے کہ یہ اقدام کھیل کے اخلاقی ضابطوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔
کھیلوں کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس قسم کے واقعات سے نوجوان کھلاڑیوں کے مابین اخلاقیات اور امپائرنگ کے احترام کے حوالے سے منفی تاثر ابھرتا ہے۔ اس پر ابھی تک میچ ریفری یا ٹورنامنٹ کی انتظامی کمیٹی کی جانب سے کوئی باضابطہ ضابطہ کارروائی یا جرمانے کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ اس معاملے کا سخت نوٹس لیا جائے گا۔










