ملتان کو ایک بار پھر ملک کا سب سے زیادہ آلودہ ترین شہر قرار دے دیا گیا ہے جہاں بگڑتی ہوئی فضائی کیفیت نے شہریوں کی زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔ محکمہ ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، رواں سال شہر میں فضائی آلودگی کی شرح میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 41 فیصد کا نمایاں اور تشویشناک اضافہ دیکھا گیا ہے، جو کہ ماحولیاتی ماہرین کے لیے الارمنگ صورتحال ہے۔
موصصولہ رپورٹس کے مطابق، 20 نومبر کو شہرِ ملتان میں آلودگی کی سطح انتہائی خطرناک حد تک جا پہنچی، جس کے باعث فضا میں زہریلے ذرات کی مقدار مقررہ معیارات سے کئی گنا زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران شہر کو شدید اسموگ اور دھند کی گھنی چادر نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا، جس کی وجہ سے نظامِ زندگی معطل ہو کر رہ گیا اور ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر ہوئی۔
ماہرینِ صحت نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں بالخصوص بچوں، بزرگوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر کے طور پر ماسک استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں نے فضا کو صاف کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کا عندیہ دیا ہے تاکہ بڑھتی ہوئی آلودگی کے مضر اثرات کو کم کیا جا سکے۔










