خیبر پختونخوا میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ایک اہم انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے، جس میں کلاشنکوف، پستول، دستی بم، میگزین اور کارتوس شامل ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کسی بڑی تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جسے بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا ہے۔
دوسری جانب، ابتدائی اطلاعات کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا ایک اہم کمانڈر اپنے ساتھیوں سمیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔










