امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (USCIRF) نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں بھارت میں مذہبی اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں کے خلاف جاری امتیازی سلوک پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ بھارتی حکومت منظم طریقے سے مسلمانوں کو نشانہ بنا رہی ہے، جس میں ووٹر فہرستوں سے ان کے ناموں کا اخراج اور انہیں غیر ملکی قرار دے کر ملک بدر کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، بھارت میں اقلیتی برادریوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر اور ریاستی سرپرستی میں ہونے والے اقدامات نے مذہبی آزادی کے بنیادی حقوق کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔ کمیشن نے بھارتی حکام پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے چارٹر کی پاسداری کرتے ہوئے اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکی کمیشن کی یہ رپورٹ مودی سرکار کے سیکولر ازم کے دعووں کی قلعی کھولنے کے لیے کافی ہے۔ عالمی برادری کی جانب سے اس صورتحال پر خاموشی انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے، جبکہ بھارت میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔










