2

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ): مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور حوثیوں کے حملوں کے باعث بین الاقوامی فضائی آپریشن شدید متاثر، ریاض اور جدہ کی پروازوں میں گھنٹوں تاخیر

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ) — مشرقِ وسطیٰ میں روز بروز بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے جاری حملوں کے براہِ راست اثرات بین الاقوامی ہوابازی پر مرتب ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ علاقائی فضائی حدود کے غیر محفوظ ہونے کے خدشات کے پیش نظر متعدد ایئرلائنز کو اپنے روٹس تبدیل کرنا پڑے ہیں، جس کے نتیجے میں پاکستان اور مشرقِ وسطیٰ کے درمیان فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق، اس بحران کے باعث پاکستان کے مختلف ہوائی اڈوں سے دارالحکومت ریاض اور تجارتی مرکز جدہ جانے والی پروازیں غیر معمولی تاخیر کا شکار ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ پروازوں کے شیڈول میں پانچ سے سات گھنٹے تک کی تاخیر ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی وجہ سے مسافروں کو ایئرپورٹس پر طویل انتظار کی کوفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی فضائی حدود میں بڑھتے ہوئے خطرات کے باعث پروازوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے متبادل اور طویل راستے اختیار کیے جا رہے ہیں، جو اس تاخیر کی بنیادی وجہ ہیں۔ متعلقہ حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہوائی سفر سے قبل اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال ایئرلائنز کے ہیلپ لائنز سے لازمی تصدیق کر لیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں