1

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ): الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے غزہ کے بے گھر خاندانوں میں ونٹر ریلیف پیکج کی تقسیم شروع

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے غزہ میں جاری شدید سردی اور حالیہ بارشوں کے پیشِ نظر بے گھر فلسطینی خاندانوں کے لیے خصوصی ‘ونٹر ریلیف پیکج’ کی تقسیم کا آغاز کر دیا ہے۔ غزہ میں جاری جنگ اور موسمیاتی شدت کے باعث خیموں میں مقیم ہزاروں خاندانوں کی مشکلات میں اضافہ ہو چکا ہے، جنہیں ریلیف پہنچانے کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن ہنگامی بنیادوں پر متحرک ہے۔

متاثرین میں خیمے، ترپالیں، میٹرس، لحاف اور گرم ملبوسات تقسیم کیے جا رہے ہیں، جبکہ بچوں کے لیے خصوصی طور پر دستانے، جوتے، جرابیں اور گرم ٹوپیاں فراہم کی جا رہی ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمان کے مطابق، غزہ میں سیلابی صورتحال اور بارشوں سے مجموعی طور پر 96 ہزار خاندان متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے 26 ہزار خاندان مکمل طور پر بے گھر ہو چکے ہیں۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے مزید بتایا کہ الخدمت اب تک غزہ کے لیے 10 ارب 51 کروڑ روپے سے زائد کی امداد فراہم کر چکی ہے اور 7,580 ٹن امدادی سامان پہنچایا جا چکا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ الخدمت فاؤنڈیشن فلسطینی بہن بھائیوں کی تعلیم، صحت اور بحالی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور اس انسانی بحران میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں