3

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ): امریکا میں پروازوں کی معطلی پر سیاسی محاذ گرم، جے ڈی وینس کا ڈیموکریٹس پر تنقید

امریکا میں فضائی ٹریفک کنٹرول سسٹم میں خرابی کے باعث ہزاروں پروازوں کی معطلی کے بعد ملکی سیاست میں الزام تراشی کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اس صورتحال کا ذمہ دار ڈیموکریٹک پارٹی کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعت خواتین کے کھیلوں میں مردوں کی شمولیت جیسے غیر ضروری معاملات پر توجہ دینے کے بجائے فضائی نظام کی جدید کاری پر توجہ مرکوز کرے۔

فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں جے ڈی وینس نے واضح کیا کہ ان کی حکومت نظام کی خرابیوں کو دور کرنے کے لیے کوشاں ہے، تاہم جدید ٹیکنالوجی کی تنصیب کے لیے کانگریس سے مزید فنڈز درکار ہیں۔ انہوں نے ڈیموکریٹس پر زور دیا کہ وہ مہنگائی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری جیسے عوامی مسائل کو ترجیح بنائیں۔ دوسری جانب، ڈیموکریٹک رہنماؤں نے وینس کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے اسے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ قرار دیا ہے اور ان کے بیانیے پر کڑی تنقید کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ جمعے کو امریکا بھر میں تقریباً چار گھنٹے تک فضائی نظام معطل رہا تھا، جس کی ابتدائی وجہ پرانے مواصلاتی نظام کو فائبر آپٹک میں تبدیل کرنے کا عمل بتایا گیا ہے۔ اس واقعے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تبصرہ کرتے ہوئے اسے معمولی قرار دیا، جبکہ ٹرانسپورٹ حکام نظام کی بحالی اور مستقبل میں ایسی خرابیوں سے بچنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں