4

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ): اینٹی نارکوٹکس فورس کا کریک ڈاؤن، تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنے والے 20 نائیجیرین گرفتار

اسلام آباد اور راولپنڈی میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات کے بین الاقوامی نیٹ ورک سے منسلک 20 نائیجیرین شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ گروہ طویل عرصے سے جڑواں شہروں میں سرگرم تھا اور نوجوان نسل بالخصوص تعلیمی اداروں کے طلبہ کو نشہ آور اشیاء کی فراہمی میں ملوث تھا۔

اے این ایف کے ترجمان نے بتایا کہ خفیہ اطلاعات پر مبنی نگرانی کے بعد کی گئی ان کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 4 کلو 432 گرام منشیات برآمد کی گئی ہیں۔ برآمد شدہ مواد میں ایک کلو 682 گرام کوکین، 2 کلو آئس (کرسٹل میتھ) اور 750 گرام ویڈ شامل ہے، جو مارکیٹ میں انتہائی مہنگی اور خطرناک سمجھی جاتی ہے۔

گرفتار ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور ان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ تعلیمی اداروں کو منشیات کی لعنت سے پاک کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں