5

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ): سابق فاٹا اور پاٹا میں ٹیکس رعایت کے مبینہ غلط استعمال پر ایف بی آر نے کمشنر سمیت دو اعلیٰ افسران کو معطل کر دیا

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ) وفاقی بورڈ آف ریوینو (ایف بی آر) نے سابق فاٹا اور پاٹا کے علاقوں میں دی جانے والی ٹیکس رعایت کے مبینہ غلط استعمال اور مالی بے ضابطگیوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ایک کمشنر سمیت دو اعلیٰ افسران کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ معطل کیے جانے والے افسران پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ٹیکس چھوٹ کے قوانین کو مبینہ طور پر ٹیکس چوری کا ذریعہ بننے دیا۔

ترجمان ایف بی آر کے مطابق، حکومت کی جانب سے قبائلی و مالاکنڈ کے اضلاع کے عوام اور کاروباری طبقے کو سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی ٹیکس چھوٹ دی گئی تھی تاکہ پسماندہ علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔ تاہم، حالیہ دنوں میں یہ بات سامنے آئی کہ بعض عناصر اور کرپٹ مافیا نے اس رعایت کا غلط استعمال کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری کی، جس میں مبینہ طور پر محکمے کے کچھ اندرونی افسران بھی ملوث پائے گئے۔

ایف بی آر کے اعلیٰ حکام کا اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ٹیکس رعایت کو کسی بھی صورت ٹیکس چوری یا قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا ذریعہ نہیں بننے دیا جائے گا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ تحقیقات کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا گیا ہے اور اس گھناؤنے کھیل میں ملوث تمام ذمہ دار افسران و عملے کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں