اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ) پاکستان اور روس کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے بین الحکومتی کمیشن کا گیارھواں اہم اجلاس ماسکو میں منعقد ہوا۔ اس اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دونوں ممالک کے وفد نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا اور تجارت کے فروغ کے لیے نئے لائحہ عمل پر اتفاق کیا۔
اجلاس کے دوران فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں بدلتی ہوئی معاشی صورتحال کے پیش نظر باہمی تجارت کو اس کی حقیقی صلاحیت کے مطابق لایا جائے گا۔ اس مقصد کے تحت دونوں ممالک نے سال 2030 تک دوطرفہ تجارت کے حجم کو بڑھا کر 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کا باضابطہ ہدف مقرر کیا ہے، جس میں زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعت اور توانائی کے شعبے سرفہرست ہوں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ہدف کے حصول سے نہ صرف پاکستان اور روس کے تعلقات میںنئی گرم جوشی آئے گی بلکہ اس سے خطے بالخصوص بلوچستان سمیت پورے ملک میں تجارتی سرگرمیوں، روزگار کے مواقع اور معاشی استحکام کو بھی فروغ ملے گا۔ اجلاس کے اختتام پر دونوں ممالک کے حکام نے طے شدہ اہداف کی بروقت تکمیل کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس کو فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا۔










