2

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ) لیبیا کشتی حادثہ؛ ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم حقائق جاننے کے لیے باجوڑ پہنچ گئی

لیبیا کے ساحل پر پیش آنے والے المناک کشتی حادثے کی تحقیقات کے سلسلے میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی خصوصی ٹیم باجوڑ پہنچ گئی ہے۔ حکام کے مطابق اس دورے کا بنیادی مقصد حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ملاقات کرنا اور انسانی سمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کے بارے میں اہم شواہد اکٹھے کرنا ہے۔

تحقیقاتی ٹیم اس بات کا تعین کرے گی کہ متاثرہ افراد قانونی یا غیر قانونی طور پر کن ہوائی اڈوں اور راستوں سے بیرون ملک روانہ ہوئے تھے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ان معلومات کی روشنی میں ان سہولت کاروں اور ایجنٹوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جنہوں نے انسانی جانوں کو خطرے میں ڈال کر غیر قانونی نقل مکانی کا راستہ اختیار کروایا۔

واضح رہے کہ لیبیا کشتی حادثے میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے متعدد نوجوانوں کی ہلاکت نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا تھا۔ ایف آئی اے کی جانب سے اس معاملے پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے اور انسانی سمگلنگ کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں