اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مرکزی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کی رہائش گاہوں کو پولیس نے حصار میں لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کو گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، جس کے باعث سیاسی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر کسی قانونی نوٹس کے رہنماؤں کو محصور کرنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر عدالتیں اس صورتحال میں شہریوں کے حقوق کا تحفظ نہیں کریں گی تو عوام انصاف کے لیے کہاں جائیں گے۔
کامران مرتضیٰ نے مزید کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو گھروں میں قید کرنا جمہوری اقدار کے منافی عمل ہے۔ انہوں نے عدلیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس غیر قانونی اقدام کا فوری نوٹس لے اور مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر رہنماؤں کی نقل و حرکت پر عائد پابندیاں ختم کرائی جائیں۔










