1

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ): پنجاب کی تقسیم پر حمایت اور سندھ پر خونریزی کی باتیں کیوں؟ ملک احمد خان

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات پر کڑی تنقید کرتے ہوئے دوہرے معیار پر سوال اٹھا دیا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی مئی 2012 میں پنجاب کی تقسیم اور نئے صوبوں کے قیام کی قرارداد کی حمایت کر سکتی ہے، تو سندھ کی تقسیم کے معاملے پر خونریزی کی دھمکیاں کیوں دی جا رہی ہیں؟

ملک احمد خان نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو ایک باشعور سیاسی رہنما ہیں، انہیں اپنے مؤقف میں موجود اس تضاد کی وضاحت کرنی چاہیے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا سندھ کی وحدت کے نام پر تشدد کی گنجائش پیدا کی جا سکتی ہے؟ انہوں نے واضح کیا کہ آئین میں ریفرنڈم اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا طریقہ کار موجود ہے، اور جمہوریت میں مسائل کا حل صرف مذاکرات اور مکالمے سے ہی ممکن ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اس بات پر زور دیا کہ نئے صوبوں کے قیام جیسے حساس قومی معاملات پر سنجیدہ اور غیر جذباتی مباحثے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام حاکمِ اعلیٰ ہیں اور کسی بھی آئینی تبدیلی کے لیے جمہوری عمل کا احترام ناگزیر ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاسی جماعتوں کو ملک کے مختلف حصوں کے لیے یکساں اصول اپنانے چاہئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں