تربت کی تحصیل دشت کے علاقے درچکو اور جت کے درمیان نامعلوم افراد کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ہے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ذرائع کے مطابق حملے میں دو سیکیورٹی اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ پانچ اہلکار شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ حملہ آوروں کا سراغ لگایا جا سکے۔ تاحال کسی بھی گروپ کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے اور حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔










