1

تربت (گدروشیا پوائنٹ): وزیراعلیٰ بلوچستان کا نوجوانوں سے مکالمہ، یونیورسٹی آف تربت کیلئے خصوصی فنڈز اور اسکوٹرز کا اعلان

تربت میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کو پروپیگنڈے اور تشدد کے بجائے علمی و فکری بحث کی جانب راغب کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بلوچ سیاست کے مختلف نظریات، بشمول نواب خیر بخش مری کی مسلح جدوجہد اور میر غوث بخش بزنجو کی آئینی سیاست پر تعمیری بحث ہونی چاہیے، جس میں دانشور اور اساتذہ اپنا کردار ادا کریں۔ وزیراعلیٰ نے سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کی ذہن سازی اور انہیں انتہاپسندی کی طرف دھکیلنے کے رجحانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے تحفظات سننے اور ان کے ساتھ بامعنی مکالمے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

تعلیمی سہولیات کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں یونیورسٹی آف تربت کے اے آئی (AI) ڈیپارٹمنٹ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، طلبہ کی آمدورفت میں سہولت کے لیے 50 اسکوٹرز فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا جن کی تقسیم کا طریقہ کار وائس چانسلر طے کریں گے۔ انہوں نے طلبہ کے لیے مری اور ایبٹ آباد کے مطالعاتی دوروں کا بھی اعلان کیا، جس کے تمام اخراجات حکومتِ بلوچستان برداشت کرے گی۔

شہری سہولیات پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے تربت میں گرین بس سروس کی کارکردگی کو سراہا اور اعلان کیا کہ آئندہ سال شہر میں مزید بسیں چلائی جائیں گی، جبکہ خواتین کی سفری سہولت کے لیے ‘پنک بس سروس’ بھی متعارف کرائی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کی تعلیمی ترقی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور آئندہ سال ان ترقیاتی منصوبوں کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں