تربت کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی سطح پر بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں عسکری قیادت کا کردار کلیدی رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ صوبائی محکموں میں خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور بہت جلد مزید نئی اسامیوں کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھرتی کے عمل کو میرٹ پر یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا اور شفافیت برقرار رکھنے کی خاطر اے آئی (مصنوعی ذہانت) پر مبنی نظام متعارف کرایا جائے گا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی میر ظہور بلیدی، دیگر صوبائی وزراء اور یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن سمیت اہم شخصیات موجود تھیں۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار کی فراہمی سے صوبے میں خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔










