امریکی ارب پتی جیفری ایپسٹین کی پراسرار موت کے معاملے پر ایک بار پھر بحث کا آغاز ہو گیا ہے۔ ایک معروف فارنزک ماہر نے اپنے حالیہ بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ایپسٹین کی موت خودکشی نہیں بلکہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کیا گیا قتل تھا۔ یہ انکشاف اس وقت سامنے آیا ہے جب سرکاری تحقیقاتی اداروں نے طویل عرصے سے اس کیس کو خودکشی قرار دے کر بند کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ نیویارک سٹی کے چیف میڈیکل ایگزمینر، ایف بی آئی اور امریکی محکمہ انصاف نے اپنی مشترکہ تحقیقاتی رپورٹ میں جیفری ایپسٹین کی موت کو خودکشی قرار دیا تھا۔ ایپسٹین کو اگست 2019 میں نیویارک کی ایک جیل میں مردہ حالت میں پایا گیا تھا، جہاں وہ جنسی اسمگلنگ کے سنگین الزامات کے تحت عدالتی کارروائی کا سامنا کر رہے تھے۔
فارنزک ماہرین کے اس نئے دعوے نے امریکی عدالتی اور تفتیشی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ اگرچہ سرکاری طور پر اب تک اس کیس کو دوبارہ کھولنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ شواہد کا ازسرنو جائزہ لینے سے اس کیس کے کئی تاریک پہلو بے نقاب ہو سکتے ہیں جو اب تک پردہ غیب میں ہیں۔










