کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز اور پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب گینگسٹر کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزم طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا اور اس کی گرفتاری کے لیے کئی بار چھاپے مارے گئے تھے۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملزم کراچی آپریشن کے دوران گرفتاری سے بچنے کے لیے پہلے بلوچستان منتقل ہوا تھا، جہاں سے وہ روپوش ہو کر بیرونِ ملک فرار ہو گیا تھا۔ ملزم حال ہی میں دوبارہ کراچی پہنچا تھا جس کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی اداروں نے گھیرا تنگ کر کے اسے حراست میں لے لیا۔
گرفتار ملزم کا تعلق لیاری کے بدنام زمانہ گینگ وار نیٹ ورک سے بتایا جاتا ہے اور اس پر قتل، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات درج ہیں۔ ملزم کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔










