معروف برطانوی جریدے ‘دی اکانومسٹ’ نے اپنے سالانہ خصوصی شمارے ‘دی ورلڈ اہیڈ 2027’ کا سرورق جاری کرتے ہوئے آئندہ سال کے لیے 10 اہم عالمی رجحانات کا خاکہ پیش کیا ہے۔ جریدے کے مطابق 2027 محض سیاسی تبدیلیوں کا سال نہیں ہوگا، بلکہ ٹیکنالوجی، جنگ، معیشت، ماحولیات اور انسانی طرز زندگی میں آنے والی تبدیلیاں ایک دوسرے پر گہرے اثرات مرتب کریں گی۔
اس سال کے خصوصی شمارے کا سرورق امریکی مصور کلیون پیٹرسن نے تیار کیا ہے، جس میں میزائل، آگ کے شعلے، تیل کے کنوئیں، مصنوعی ذہانت کے برقی سرکٹس اور عالمی طاقتوں کی نمائندگی کرنے والی علامات کو یکجا کیا گیا ہے۔ سرورق میں کریملن اور مجسمہ آزادی کی موجودگی عالمی طاقتوں کے مابین بڑھتی ہوئی کشیدگی کی عکاس ہے، جبکہ حیاتیاتی ٹیکنالوجی اور دماغی ساخت جیسی علامات مستقبل کے پیچیدہ چیلنجوں کی نشاندہی کرتی ہیں۔
جریدے کے ایڈیٹر ٹام اسٹینڈج کے مطابق، 2027 میں ٹرمپ کے بعد امریکی سیاست، ایران تنازع، موسمیاتی تبدیلی، مصنوعی ذہانت کے خطرات، یورپ میں دائیں بازو کی مقبولیت، عالمی معیشت پر قرضوں کا بوجھ اور چین کی جانب سے تائیوان کے خلاف ممکنہ اقدامات عالمی منظرنامے پر اثر انداز ہوں گے۔ ان رجحانات کا گہرا مطالعہ آنے والے وقت میں عالمی سیاست اور معیشت کو سمجھنے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔










