1

کوئٹہ (گدروشیا پوائنٹ): تفتیشی پولیس کی سنگین غفلت، منشیات فروش انمول پنکی کے خلاف مقدمہ نہ بن سکا، ملزم بری

کوئٹہ کی مقامی عدالت نے منشیات فروشی کے ایک اہم مقدمے میں تفتیشی پولیس کی ناقص کارکردگی اور سنگین غفلت کا نوٹس لیتے ہوئے مرکزی ملزم کو باعزت بری کر دیا ہے۔ عدالتی کارروائی کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ پولیس نے تفتیش کے دوران نہ صرف شواہد کو نظر انداز کیا بلکہ ملزم کے اعترافی بیان کے باوجود اصل ذمہ داروں تک پہنچنے کی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی۔

مقدمے کے ریکارڈ کے مطابق، گرفتار ملزم نے اپنے اعترافی بیان میں واضح طور پر انمول پنکی نامی خاتون سے منشیات (چرس) خریدنے کا اعتراف کیا تھا۔ تاہم، تفتیشی افسران نے عدالت کے بارہا استفسار اور قانونی تقاضوں کے باوجود انمول پنکی کو اس مقدمے میں نامزد نہیں کیا، جس سے تفتیشی عمل کی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ پولیس کی جانب سے ملزمہ کو شامل تفتیش نہ کرنا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے، جس کے باعث کیس کمزور پڑ گیا اور ملزم کو رہائی مل گئی۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ تفتیشی اداروں کی ایسی کوتاہیاں معاشرے میں منشیات کے ناسور کو پھیلانے کا سبب بن رہی ہیں، جس کے تدارک کے لیے اعلیٰ حکام کو فوری نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں