1

کوئٹہ (گدروشیا پوائنٹ) سلو اوور ریٹ پر آئی سی سی کا سخت ایکشن، بھارتی کرکٹ ٹیم پر بھاری جرمانہ عائد

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچویں اور آخری ایک روزہ (ون ڈے) میچ کے دوران سلو اوور ریٹ کے باعث بھارتی کرکٹ ٹیم پر میچ فیس کا 35 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ کونسل کے مطابق، بھارتی ٹیم مقررہ وقت کے اندر اپنے مقررہ اوورز مکمل کرنے میں ناکام رہی اور 7 اوورز پیچھے رہ گئی۔

آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق برائے کھلاڑیان اور اسپورٹ پرسنل کے آرٹیکل 2.22 کے تحت، مقررہ وقت میں ہر اوور کم ہونے پر کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ اس قاعدے کے تحت بھارت کے 7 اوورز کم ہونے کی وجہ سے مجموعی طور پر 35 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا، جسے ٹیم کے قائم مقام کپتان شریاس ایئر نے میچ ریفری رنجن مدوگالے کی جانب سے سنائے جانے پر تسلیم کر لیا۔

واضح رہے کہ ماؤنٹ مونگانوئی میں 15 نومبر کو کھیلے گئے اس آخری ون ڈے میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 22 رنز سے شکست دی تھی۔ بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 209 رنز اسکور کیے تھے جس میں ایشان کشن اور اکشر پٹیل نے 46، 46 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں