بنگلا دیش کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ایک اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ اسلام آباد کے نور خان ایئر بیس پر آمد کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے بنگلا دیشی ہم منصب اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے مابین پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ وفد کی آمد کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، بنگلا دیشی وفد اپنے قیام کے دوران پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کرے گا اور پارلیمانی امور سمیت خطے کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے نئے باب کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔










