وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 319 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 357 روپے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 24 نومبر سے ہوگا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق قیمتوں کا تعین عالمی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں، پلیٹس ریٹس اور پریمیم سمیت دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے کی کمی کی گئی تھی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا انحصار عالمی مارکیٹ میں خام تیل کے نرخوں اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر پر ہوتا ہے۔ حکومت کی جانب سے یہ اقدام عالمی منڈی میں ہونے والی حالیہ تبدیلیوں کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے تاکہ صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔










