قومی ادارہ برائے ڈیٹابیس و رجسٹریشن (نادرا) نے اپنے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مزید جدید، محفوظ اور مؤثر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کے شعبے میں دو کلیدی اسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کیا ہے۔ یہ اسامیاں ڈائریکٹر سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ اور ڈائریکٹر آرکیٹیکچر ڈیزائن اینڈ کمپلائنس کی ہیں، جن کے لیے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار آئی ٹی ماہرین سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
ڈائریکٹر سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ کے عہدے کے لیے امیدواروں کا سافٹ ویئر انجینئرنگ، ایگیل، ڈیواپس اور کلاؤڈ ٹیکنالوجی میں وسیع تجربہ ہونا لازمی ہے۔ منتخب ہونے والا افسر نادرا کی سافٹ ویئر ٹیموں کی قیادت کرے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ ادارے کے ڈیجیٹل نظام جدید ترین سیکیورٹی پروٹوکولز، جیسے او ڈبلیو اے ایس پی (OWASP) اور وی اے پی ٹی (VAPT) کے مطابق محفوظ اور قابلِ اعتماد ہوں۔
یہ تعیناتیاں نادرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں کی جائیں گی، جس کا بنیادی مقصد ادارے کے بڑے ڈیجیٹل نظاموں کی تیاری اور ان کے باہمی رابطے کو بہتر بنانا ہے۔ نادرا انتظامیہ کے مطابق، یہ اقدام پاکستان کے ڈیجیٹل نظام کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے اور سائبر سیکیورٹی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔










