وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے اپنے حالیہ دورہ بھارت کے دوران ایک انٹرویو میں بھارتی صحافی کے غیر پیشہ ورانہ رویے اور جارحانہ سوالات کا انتہائی دھیمے اور مدلل انداز میں جواب دے کر انہیں لاجواب کر دیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں مصدق ملک کو انتہائی تحمل اور وقار کے ساتھ بھارتی صحافی کو صحافتی اخلاقیات اور سوال پوچھنے کا درست طریقہ کار سمجھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
مصدق ملک نے گفتگو کے دوران بھارتی صحافی کی جانب سے کیے جانے والے یکطرفہ اور اشتعال انگیز سوالات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں حقائق پر مبنی بات کرنے کا مشورہ دیا۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ صحافت کا مقصد الزامات تراشی نہیں بلکہ حقائق کو عوام کے سامنے لانا ہے، جس پر بھارتی صحافی کو اپنی پوزیشن کا دفاع کرنا مشکل ہو گیا۔
اس واقعے کے بعد پاکستانی حلقوں میں مصدق ملک کے اس پرسکون اور دو ٹوک انداز کو بے حد سراہا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مصدق ملک نے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر پاکستان کا مقدمہ جس شائستگی اور علمی مہارت سے پیش کیا، وہ سفارتی اور صحافتی محاذ پر ایک بہترین مثال ہے۔










