حافظ آباد میں سابق وفاقی وزیر لیاقت عباس کے بہیمانہ قتل کے کیس میں پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے تین مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی گرفتاری خیبرپختونخوا کے علاقے سے عمل میں لائی گئی، جہاں وہ روپوش تھے۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان تک رسائی جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ممکن ہوئی۔ ابتدائی تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار کیے گئے تینوں افراد ریکارڈ یافتہ مجرم ہیں اور طویل عرصے سے مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب اور اشتہاری قرار دیے جا چکے تھے۔
پولیس نے ملزمان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے قتل میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں اور اس واردات کے محرکات کے بارے میں مزید اہم انکشافات متوقع ہیں، جبکہ کیس کے دیگر پہلوؤں کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔










