1

کوئٹہ (گدروشیا پوائنٹ): پیٹ بھر کر کھانے کے باوجود بار بار بھوک کیوں لگتی ہے؟ ماہرین نے اہم وجوہات بیان کر دیں

اکثر افراد کو پیٹ بھر کر کھانا کھانے کے کچھ ہی دیر بعد دوبارہ بھوک کا احساس ہونے لگتا ہے، جو بظاہر ایک معمولی بات معلوم ہوتی ہے مگر طبی ماہرین کے مطابق اس کے پیچھے جسمانی نظام کے کئی پیچیدہ عوامل کارفرما ہوتے ہیں۔ بھوک کا تعلق محض معدے کے خالی ہونے سے نہیں بلکہ انسانی جسم میں موجود ہارمونز، خوراک کی غذائیت، ہاضمے کے عمل اور دماغی سرگرمیوں کے باہمی ربط سے جڑا ہوتا ہے۔

طبی تحقیق کے مطابق، ہمارے جسم میں ‘گھرلین’ (Ghrelin) نامی ہارمون بھوک کو متحرک کرتا ہے، جبکہ ‘جی ایل پی ون’ اور ‘سی سی کے’ جیسے ہارمونز دماغ کو پیٹ بھرنے کا اشارہ دیتے ہیں۔ 2021 میں ‘یونائیٹڈ یورپین گیسٹرواینٹرولوجی جرنل’ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق، نظامِ ہاضمہ اور دماغ کے درمیان رابطے میں خلل یا عدم توازن بھوک کے احساس کو غیر معمولی بنا سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دیر تک پیٹ بھرے رہنے کا انحصار کھانے کی مقدار پر نہیں بلکہ اس کی غذائیت پر ہوتا ہے۔ پروٹین اور فائبر سے بھرپور غذائیں ہاضمے کے عمل کو سست کر کے پیٹ کو دیر تک مطمئن رکھتی ہیں، جبکہ میدے اور ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹس پر مشتمل خوراک خون میں شوگر کی سطح کو تیزی سے تبدیل کرتی ہے، جس کے نتیجے میں انسان کو جلد دوبارہ بھوک محسوس ہونے لگتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں