کراچی یونیورسٹی میں کے ایس پی (KSP) پالیسی کے نفاذ کے خلاف طلبہ تنظیموں کی جانب سے شدید احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ طلبہ کا موقف ہے کہ نئی پالیسی ان کے تعلیمی حقوق اور داخلوں کے عمل میں رکاوٹ کا باعث بن رہی ہے، جس کے باعث طلبا میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے۔
صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر برائے جامعات و بورڈز محمد اسماعیل راہو نے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ طلبہ کے جائز مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور کسی بھی ایسے اقدام کی حمایت نہیں کی جائے گی جو طلبا کے تعلیمی مستقبل کو متاثر کرے۔
وزیر جامعات نے یقین دہانی کرائی ہے کہ طلبہ کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے جامعہ انتظامیہ کے ساتھ مشاورت کی جائے گی تاکہ تعلیمی ماحول کو پرامن رکھا جا سکے۔ انہوں نے طلبہ سے بھی اپیل کی کہ وہ تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھیں اور معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں۔










