2

راولپنڈی و اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ): غیر قانونی اوورسیز ایمپلائمنٹ ایجنسی کا نیٹ ورک بے نقاب، سی ای او سمیت متعدد گرفتار

راولپنڈی اور اسلام آباد میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر بیرون ملک ملازمت دلانے والی ایمپلائمنٹ ایجنسی کے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق، مذکورہ ایجنسی شہریوں کو جعلی ویزوں کے ذریعے بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم بٹورنے میں ملوث تھی۔

کارروائی کے دوران ایجنسی کے سی ای او اور مینیجر کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ایک متاثرہ شہری سے اس کے بھتیجے کو برطانیہ میں میسن (مستری) کے ویزے پر بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے ہتھیا لیے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے پاسپورٹس، جعلی دستاویزات اور دیگر شواہد برآمد کر لیے گئے ہیں۔

ایف آئی اے کی جانب سے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، یہ گروہ طویل عرصے سے سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک روزگار کے خواب دکھا کر لوٹنے میں مصروف تھا۔ حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر رجسٹرڈ ایجنسیوں سے محتاط رہیں اور ویزا کے معاملات میں صرف سرکاری طور پر منظور شدہ اداروں سے رجوع کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں