3

ابوظبی (گدروشیا پوائنٹ): ٹی 10 لیگ میں امپائر کے فیصلے پر احتجاج، شاداب خان کو جرمانہ عائد

ابوظبی ٹی 10 لیگ کے دوران پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں یو اے ای بُلز اور عربین ایسز کے درمیان کھیلے گئے 15ویں میچ کے دوران پیش آیا، جہاں شاداب خان نے امپائر کے فیصلے پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب امپائر کی جانب سے ایک گیند کو وائیڈ قرار نہ دیے جانے پر شاداب خان نے غصے میں اپنا بیٹ زمین پر دے مارا اور دوسرے امپائر کی جانب احتجاجی انداز میں دیکھا۔ میچ آفیشلز نے ان کے اس رویے کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے آرٹیکل 2.8 کے تحت کارروائی کی، جو میچ کے دوران امپائر کے فیصلے پر عدم اطمینان اور احتجاج سے متعلق ہے۔

ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق شاداب خان نے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا ہے اور میچ ریفری کی جانب سے عائد کردہ سزا کو قبول کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ کھلاڑیوں کے لیے مقرر کردہ ضابطہ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی پر یہ تادیبی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں