1

کوئٹہ (گدروشیا پوائنٹ): سرکاری سطح پر ایل پی جی کی درآمدات کے باوجود بلوچستان بھر میں نرخوں میں کمی نہ آسکی

بلوچستان سمیت ملک بھر میں ایل پی جی کی سرکاری سطح پر درآمدات کا عمل جاری ہونے کے باوجود صارفین کو ریلیف ملنے کے آثار نظر نہیں آ رہے۔ حکومتی سطح پر ایل پی جی کی فی کلو قیمت 295 روپے مقرر کی گئی ہے، تاہم مارکیٹ میں صورتحال اس کے برعکس ہے اور عوام کو مقررہ نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے۔

موجودہ اعداد و شمار کے مطابق، ایل پی جی کی فی کلو قیمت پر 205 روپے تک کا اضافی بوجھ صارفین پر ڈالا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قیمتوں پر کنٹرول کے دعوے اپنی جگہ، لیکن زمینی حقائق یہ ہیں کہ منافع خور مافیا سرکاری نرخ نامے کو ہوا میں اڑا کر من مانی قیمتیں وصول کرنے میں مصروف ہے، جس سے عام آدمی کی قوت خرید بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

ماہرینِ معاشیات کا کہنا ہے کہ درآمدات کے باوجود قیمتوں میں عدم استحکام سپلائی چین میں موجود نقائص اور ذخیرہ اندوزی کی نشاندہی کرتا ہے۔ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کا نوٹس لیا جائے اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ غریب عوام کو ریلیف مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں