اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے خصوصی ملاقات کی۔ اس اہم نشست میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور خطے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران آزاد جموں و کشمیر میں عوامی فلاح و بہبود کے جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے کی تعمیر و ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے وفاقی سطح پر ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
اس موقع پر نواز شریف نے آزاد کشمیر کی قیادت کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ خطے میں خوشحالی کا سفر مزید تیز ہو سکے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں وفاقی اور ریاستی حکومت کے مابین ہم آہنگی کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔










