3

اسلام آباد (گدروشیا پوائنٹ): نئے صوبوں کا قیام پاکستان کی بقا کے لیے ناگزیر، خون بہا تو ذمہ دار بلاول ہوں گے: مصطفیٰ کمال

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش بحرانوں سے نکالنے اور ملک کو بچانے کے لیے نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس سیاسی و انتظامی عمل کے دوران خون کا ایک قطرہ بھی بہا تو اس کی تمام تر ذمہ داری پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر عائد ہوگی۔

مصطفیٰ کمال نے بلاول بھٹو کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد، میرپورخاص اور سکھر میں خون بہنے کی دھمکی افسوسناک ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ 18 برسوں سے مہاجر آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد بھی مہاجروں کی املاک کو نذرِ آتش کیا گیا، حالانکہ اس سانحے میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا۔

وفاقی وزیر نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد صوبے کو 22 ہزار ارب روپے کے فنڈز ملے، مگر عوام آج بھی پینے کے صاف پانی اور بنیادی طبی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر صوبائی حکومت کی کارکردگی تسلی بخش ہے تو انہیں نئے صوبوں کے مطالبے سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں