پشاور کے نواحی علاقے متنی میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے تین مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت عبدالرشید، سعید اللہ اور سعید نواب کے ناموں سے ہوئی ہے، جو طویل عرصے سے سیکیورٹی اداروں کو مطلوب تھے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گرد سرکاری تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور علاقے میں کسی بڑی تخریب کاری کی تیاری میں مصروف تھے۔ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر جب سیکیورٹی فورسز نے ان کے ٹھکانے کا محاصرہ کیا تو دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں جوابی کارروائی میں تینوں دہشت گرد مارے گئے۔
آپریشن کے بعد جائے وقوعہ سے دو کلاشنکوف، ایک پستول، تین ہینڈ گرنیڈ اور مختلف شناختی کارڈز برآمد کر لیے گئے ہیں۔ سی ٹی ڈی نے علاقے میں سرچ آپریشن کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے تاکہ فرار ہونے والے دیگر سہولت کاروں اور دہشت گردوں کو گرفتار کیا جا سکے۔ علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور تفتیشی عمل جاری ہے۔










