کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ڈی سی او ریلوے عبداللہ ارشد نے موسیٰ پاک ٹرین میں اچانک چھاپہ مار کارروائی کی۔ اس کارروائی کا مقصد ٹرین میں مسافروں کو فراہم کی جانے والی سفری سہولیات کا جائزہ لینا اور ٹکٹ چیکنگ کے نظام کو شفاف بنانا تھا۔
چھاپے کے دوران ریلوے حکام نے ٹرین کی بوگیوں کی تلاشی لی، جس کے نتیجے میں 11 مسافر بغیر ٹکٹ سفر کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ حکام نے موقع پر ہی ان مسافروں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کیے اور ٹکٹ کی مد میں واجب الادا رقم وصول کی۔
ڈی سی او ریلوے عبداللہ ارشد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کے نظام میں بہتری اور مسافروں کو معیاری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ محکمہ ریلوے کو مالی نقصانات سے بچایا جا سکے۔










