1

لاہور (گدروشیا پوائنٹ) مصنوعی ذہانت کے ذریعے تعلیمی ادارے کو بم سے اڑانے کی سازش ناکام، 17 سالہ طالب علم گرفتار

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں سائبر کرائم کے خلاف سرگرم وفاقی و صوبائی اداروں نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے ایک اہم تعلیمی ادارے کی عمارت کو بم سے اڑانے کی منصوبہ بندی کرنے والے سترہ سالہ طالب علم کو حراست میں لے لیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق ملزم فرسٹ ایئر کا طالب علم ہے جو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے تخریبی کارروائی کا مذموم منصوبہ تیار کر رہا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر انٹرنیٹ اور مصنوعی ذہانت کے مختلف ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے حملے کی نہ صرف منصوبہ بندی کی بلکہ تخریبی کارروائی کے لیے درکار ڈیجیٹل روڈ میپ بھی تیار کیا۔ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی جانے والی اس کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے متعدد ڈیجیٹل آلات بھی برآمد کیے گئے ہیں جن کا فرانزک تجزیہ کیا جا رہا ہے تاکہ اس گھنائونے عمل میں ممکنہ طور پر ملوث دیگر سہولت کاروں یا نیٹ ورک تک بھی رسائی حاصل کی جا سکےمستقبل قریب میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

اس واقعے نے ملک بھر کے تعلیمی حلقوں، والدین اور سکیورٹی اداروں میں شدید تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، جو نوجوان نسل کی جانب سے جدید ڈیجیٹل ذرائع اور مصنوعی ذہانت کے منفی اور تخریبی استعمال کی واضح عکاسی کرتا ہے۔ ماہرینِ تعلیم اور سائبر سکیورٹی کے ماہرین نے زور دیا ہے کہ نوجوانوں بالخصوص طالبعلموں کی آن لائن سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ اس قسم کے رجحانات کی بروقت بیخ کنی کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں