عالمی سطح پر منعقد ہونے والے معروف بیوٹی پیجنٹ ’مس یونیورس 2026‘ کا تاج پورٹو ریکو کی 27 سالہ جینیفر بیریٹو نے اپنے نام کر لیا ہے۔ مقابلے کا 75 واں ایڈیشن پورٹو ریکو کے شہر سان جوآن کے جوزے میگوئل ایگرلوٹ کولیزیم میں منعقد ہوا، جس میں دنیا بھر سے 116 حسیناؤں نے شرکت کی۔ جینیفر بیریٹو نے میکسیکو کی فاطمہ بوش کی جگہ یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
اس سال مس یونیورس مقابلے کے 75 برس مکمل ہونے پر ایک نیا تاج ’دی ریڈیئنس آف این ایٹرنل لیگیسی‘ متعارف کرایا گیا، جسے جیولری ڈیزائنر جارج وِٹلز نے پیرس کے میسن ڈی اور کے اشتراک سے تیار کیا۔ 18 قیراط سفید سونے اور 3 ہزار 150 ہیروں سے مزین یہ تاج اس تقریب کی خاص توجہ کا مرکز رہا۔ تقریب کی میزبانی ماریو لوپیز اور مس یونیورس 2022 آر بونی گیبریل نے مشترکہ طور پر کی۔
مقابلے کے دوران جہاں ثقافتی رنگا رنگی اور ٹیلنٹ شوز کا مظاہرہ کیا گیا، وہیں کچھ تنازعات بھی سامنے آئے۔ ویزا مسائل اور فرنچائز تنازعات کے باعث کئی امیدوار دستبردار ہوئیں، جبکہ مس یونیورس اسرائیل کے قومی ملبوسات پر عوامی ردعمل نے بھی خبروں میں جگہ بنائی۔ تاہم، تمام تر مشکلات کے باوجود جینیفر بیریٹو کی کامیابی کے ساتھ یہ عالمی مقابلہ اپنے اختتام کو پہنچا۔










