2

کراچی (گدروشیا پوائنٹ): ایم کیو ایم پاکستان کا 29 نومبر کو ریلی اور جلسے کے لیے باضابطہ اجازت کا مطالبہ

ایم کیو ایم پاکستان نے 29 نومبر کو کراچی میں شاہراہِ فیصل پر ریلی نکالنے اور مزارِ قائد سے متصل باغِ جناح میں عوامی جلسہ منعقد کرنے کے لیے کمشنر کراچی کو باضابطہ درخواست جمع کرا دی ہے۔ سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر طہٰ احمد خان کی جانب سے دائر کردہ اس درخواست میں انتظامیہ سے این او سی کے اجراء اور اجتماعات کے پُرامن انعقاد کے لیے سکیورٹی سمیت دیگر ضروری انتظامات فراہم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 29 نومبر کی تاریخ پر سندھ ترقی پسند پارٹی اور دیگر قوم پرست جماعتوں نے بھی شاہراہِ فیصل پر ریلی نکالنے کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے باعث سیاسی حلقوں میں ممکنہ تصادم کے خدشات پائے جاتے ہیں۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک وفد نے حال ہی میں ایم کیو ایم کی قیادت سے ملاقات کر کے ریلی ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔

ایم کیو ایم پاکستان نے ابتدائی طور پر اس درخواست پر پارٹی قیادت سے مشاورت کا عندیہ دیا تھا، تاہم اب باضابطہ درخواست جمع کروا کر پارٹی نے اپنے ارادے واضح کر دیے ہیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق، ایک ہی دن اور ایک ہی مقام پر مختلف جماعتوں کے اجتماعات کے اعلان سے کراچی میں سیاسی کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہے، جس پر انتظامیہ کا ردعمل اہم ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں