واشنگٹن (گدروشیا پوائنٹ) امریکی فوج نے ریاست آئیووا میں واقع آرمی ایمونیشن پلانٹ میں ایک بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے تقریباً پانچ ٹن پرانا اور ناکارہ دھماکا خیز کیمیکل ’لیڈ ایزائڈ‘ کنٹرولڈ دھماکے کے ذریعے تباہ کر دیا ہے۔ یہ مواد گولہ بارود اور ڈیٹونیٹرز کی تیاری میں استعمال ہوتا تھا، جسے دو مضبوط کنکریٹ کے بنکرز میں رکھ کر تلف کیا گیا۔ حکام کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ یہ مواد غیر مستحکم ہو چکا تھا اور شدید سردی کے باعث اس کے خود بخود پھٹنے کا شدید خطرہ لاحق تھا، جبکہ کیمیائی طریقے سے اسے بے اثر کرنے کے لیے کنٹینرز کھولنا بھی انتہائی جان جوکھوں کا کام تھا۔
دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس سے پیدا ہونے والی دباؤ کی لہر زلزلے کی طرح محسوس کی گئی، اور حفاظتی اقدامات کے تحت دھماکے سے قبل قریبی پانچ میل کے دائرے میں آباد مکینوں کو فوری طور پر علاقے سے نکال لیا گیا تھا۔ امریکی فوجی حکام کا مؤقف ہے کہ موجودہ حالات میں اس خطرناک مواد کو تلف کرنے کا یہی واحد محفوظ طریقہ کار دستیاب تھا۔
دوسری جانب، اس کارروائی پر مقامی اور بین الاقوامی ماحولیاتی تنظیموں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس بڑے دھماکے کے نتیجے میں سیسے کی زہریلی گرد فضا میں پھیل سکتی ہے، جو نہ صرف آئیووا کے دیہی علاقوں بلکہ شمال مشرقی ریاست میسوری تک بھی پہنچ سکتی ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق سیسے کی معمولی مقدار بھی انسانی صحت کے لیے بالخصوص بچوں اور حاملہ خواتین کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے، تاہم امریکی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ کارروائی کے دوران کچھ مقدار میں زہریلی گرد کے اخراج کا خدشہ اپنی جگہ موجود تھا۔










